ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اننت کمار ہیگڈے لہروں میں بہہ کر جیت درج کرتا رہا ہے، مگر اب کی بار اُسے شکست ہوگی۔ آنند اسنوٹیکر کا تبصرہ

اننت کمار ہیگڈے لہروں میں بہہ کر جیت درج کرتا رہا ہے، مگر اب کی بار اُسے شکست ہوگی۔ آنند اسنوٹیکر کا تبصرہ

Wed, 03 Apr 2019 14:56:04    S.O. News Service

کاروار 3؍اپریل (ایس او نیوز) اننت کمار ہیگڈے نے ضلع شمالی کینرا کی سیٹ پر پانچ مرتبہ جیت درج کی ہے۔ لیکن جے ڈی ایس اور کانگریس کے مشترکہ امیدوار آنند اسنوٹیکر کا کہنا ہے کہ ہر بار اُسے  کسی نہ کسی لہر کا سہار  مل جاتا تھا، جس کے سہارے اُسے جیت مل رہی تھی، مگر اس بار اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ  ملک میں مودی کی لہر اب ختم ہوچکی ہے۔

آنند اسنوٹیکر نے کہا کہ سیاسی زندگی میں اننت کمار کی پہلی بار اینٹری جو ہوئی ہے اس کے پیچھے ہبلی کے عیدگاہ میدان کا تنازعہ تھا۔ پھر بی جے پی میں واجپائی کی ہوا چلی،اس کے بعد اقلیتوں کے خلاف منافرت بھرے بیانات دے کر اننت کمار سرخیوں میں رہے پھر  گزشتہ  انتخابات کے دوران مودی کی لہر ان کے کام آگئی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے ضلع کے لئے کیا خدمات انجام دی ہیں؟ انہوں نے اس ضلع کی ترقی کے لئے کیا کام کیا ہے ؟

اسنوٹیکر نے واضح کیا کہ اپنی زبان پر لگام نہ رکھنے والے اننت کمار کے خلاف میں گزشتہ دوسال سے احتجاج کرتا آیا ہوں۔ اس بار کے الیکشن میں بھی وزیراننت کمار ہیگڈے وزیراعظم مودی کے نام پر ہی ووٹ مانگنے اور انتخابی مہم چلانے کا کام کررہے ہیں۔اپنے علاقے کی ترقی کے سلسلے میں عوام کے سامنے بات کرنے کا کوئی جوازنہ  رکھنے والے ہیگڈے کی طرف سے مذہب کے تحفظ کا موضوع اٹھایاجارہا ہے۔ ضلع کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں روزگار دینے کے بجائے دھرم کو بچانے کے نام پر ہتھیار دینے کا کام کیا جارہا ہے۔ پچھڑے ہوئے طبقات کے نوجوانوں کو فرقہ وارانہ فسادات کے لئے استعمال کرکے انہیں عدالتوں کے چکر کاٹنے کے لئے چھوڑ دیا گیا ہے۔اسنوٹیکر نے کہا کہ اننت کمارہیگڈے کی سمجھ میں اتنی چھوٹی سی بات بھی نہیں آرہی ہے کہ پچھڑے ہوئے طبقات کے نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کیاجائے گا تو دھرم خودبخود محفوظ ہوجائے گا۔

اسنوٹیکر کے مطابق ایک زمانے میں بی جے پی کی انتخابی مہم کے لئے اسٹار سمجھے جانے والے اننت کمار کو اس مرتبہ کنارے کردیاگیا ہے۔ اب اس علاقے میں تبدیلی کی ہواچلی ہے ، جس میں اننت کمار کی شکست یقینی ہے۔


Share: